پرائیوٹ بلاک چین ریسٹرکیٹو (Restrictive) ہوتی ہے اور اس کا کنٹرول کسی ایک سنگل اینٹٹی (Single Entity) کے پاس ہوتا ہے ۔ پرائیوٹ بلاک چین بالکل پبلک بلاک چین کی طرح ہی کام کرتی ہیں لیکن یہ محدود پیمانے پر استعمال کی جاتی ہیں ۔ اس طرح کی بلاک چین کسی کمپنی یا آرگنائزیشن (Organization) میں چھوٹے نیٹ ورکس کے لئیے استعمال کی جاتی ہے اس میں کوئی بھی یوزر صرف اسی وقت نیٹ ورک جوائن کرسکتا ہے جب نیٹ ورک ایڈمنسٹریٹر (Administrator) اسے نیٹ ورک میں انوائٹ کرے گا ۔ اسے پرمشنڈ بلاک چین (Permissioned Blockchain) یا انٹرپرائز بلاک چین (Enterprise Blockchain) بھی کہا جاتا ہے ۔

کسی بھی آرگنائزیشن (organization) میں ڈیٹا تک رسائی ، اجازت ، سیکیورٹی ، اختیارات اور پرمیشن لیول (Permission Level) پر کنٹرول کرنے کے لئیے پرائیویٹ بلاک چین انتہائی کار آمد ہے جیسے مثال کے طور پر کسی آرگنائزیشن میں ایڈمنسٹریٹر کسی یوزر کو کسی بھی ڈیٹا تک رسائی کی اجازت دے سکتا ہے تاکہ وہ اس ڈیٹا کو دیکھ سکے اور اسے اپڈیٹ کرسکے ۔ چونکہ پرائیویٹ بلاک چین چھوٹے پیمانے پر استعمال کی جاتی ہے تو اس میں ٹرانزیکشنز پبلک بلاک چین کی نسبت زیادہ تیزی سے پراسیس (Process) ہوتی ہے ۔

اس طرح کی بلاک چین پر مکمل اعتماد نہیں کیا جاسکتا کیونکہ یہ مکمل طور پر ڈی سنٹرلائزڈ (Decentralised) نہیں ہوتی ہیں۔ نوڈز (nodes) کے پاس نیٹ ورک کا مکمل کنٹرول ہوتا ہے اگر چند نوڈز مل کر سسٹم کو ہیک کرلیں تو اتفاق رائے (Consensus) سسٹم میں گڑبڑی ہوسکتی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ اس میں سیکیورٹی کے مسائل بھی درپیش رہتے ہیں ۔

پرائیوٹ بلاک چین ٹریڈ سیکریٹ مینجمنٹ (Trade Secret Management) ، سپلائی چین مینجمنٹ (Supply Chain Management) اور اثاثہ جات کی ملکیت کی منتقلی کے لئیے استعمال کی جاتی ہے ۔